ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سپریم کورٹ نے یو اے پی اے معاملے میں نیوز کلک ایڈیٹر کی عرضی پردہلی پولیس کوجاری کیا نوٹس

سپریم کورٹ نے یو اے پی اے معاملے میں نیوز کلک ایڈیٹر کی عرضی پردہلی پولیس کوجاری کیا نوٹس

Sat, 21 Oct 2023 00:36:34    S.O. News Service

نئی دہلی 20/اکتوبر(ایس او نیوز): نیوز کلک کے بانی اور ایڈیٹر ان چیف پربیر پورکایستھ اور ایچ آر ہیڈ امت چکرورتی کی طرف سے دائر درخواستوں پرسماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ درخواستوں میں ان کی پولیس حراست کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت کیس میں چیلنج کیا گیا ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بنچ میں جسٹس بی آرگوائی اور جسٹس پی کے مشرا نے دلائل سنے اور تین ہفتوں کے اندر جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا۔اس معاملے کی مزید سماعت 30 اکتوبر کو کی جائے گی۔ یاد رہے کہ نیوز پورٹل کو چین نواز پروپیگنڈہ چلانے کے لیے رقم ملنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے، دہلی ہائی کورٹ نے پورکایستھ اور چکرورتی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور پولیس ریمانڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ یہ دونوں 10 اکتوبر سے عدالتی حراست میں ہیں۔

خیال رہے کہ 3 اکتوبر کو دہلی پولیس نے نیوز کلک کے دفتر اور نیوز پورٹل کے ایڈیٹرز اور صحافیوں کی رہائش گاہوں سمیت متعدد مقامات پر چھاپوں کے بعد دونوں کو گرفتار کیا تھا۔ ہائی کورٹ کی جانب سے درخواستوں کو مسترد کیے جانے کے بعد پورکایستھ پیر کو سپریم کورٹ پہنچے، جہاں اب معاملے کی سماعت جاری ہے۔


Share: